128

کوئٹہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا اندیشہ غلط قرار – ایکسپریس اردو

پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ شہر کی ضرورت پوری کرنے کیلیے کافی ہے، پی ایس او۔ فوٹو: فائل

پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ شہر کی ضرورت پوری کرنے کیلیے کافی ہے، پی ایس او۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پاکستان اسٹیٹ آئل نے کوئٹہ میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا اندیشہ غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ایس او کے پاس پٹرولیم مصنوعات کا وافر ذخیرہ موجود ہے جو کوئٹہ شہر کی ضرورت پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔

کوئٹہ اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کے بارے میں میڈیا کی رپورٹ کے تناظر میں پی ایس او کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ایس او کے کوئٹہ میں تمام آؤٹ لیٹس کو فیول کی بلاتعطل فراہمی جاری ہے۔

کوئٹہ شہر میں ایندھن سے متعلق صارفین کی طلب پوری کرنے کیلیے اتوار کو بھی آپریشنز جاری رہا، پی ایس او کی ٹیم پٹرولیم مصنوعات کے اسٹوریج سے کوئٹہ شہر میں پی ایس او کے تمام آؤٹ لیٹس کو مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی جاری رکھنے کیلیے مصروف عمل ہے۔

دوسری جانب ترجمان کے مطابق کوئٹہ شہر میں پی ایس او کے آؤٹ لیٹس پر فروخت کے حجم میں گزشتہ 3 روز کے دوران100 فیصد تک کے اضافے کا رجحان دیکھا گیا ہے، فیول کے حصول کیلیے پی ایس او کے اسٹیشنز کا رخ کرنیوالے صارفین کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری ہے۔