36

پی ٹی آئی، ایم ایم اے اور اے این پی آج سے انتخابی مہم شروع کریں گی

اسلام آباد: پاکستان تحر یک انصاف آج سے اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج اپنے آبائی علاقے میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے شام 5 بجے جلسہ سے خطاب کرکے ملک گیر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے میانوالی جلسے کے لیے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا ہے، ویڈیو پیغام میں عمران خان نے کارکنوں سے جلسے میں شرکت کی استدعا کی ہے۔ میانوالی کے بعدعمران خان ملک بھر میں جلسوں سے خطاب کریں گے، جب کہ ایک دو روز میں تحریک انصاف ملک بھر سے اپنے امیدواروں کا باضابطہ اعلان کردے گی۔

متحدہ مجلس عمل کی مرکزی قیادت بھی آج پشاور جلسے سے خطاب کرکے انتخابی مہم کا آٖغاز کرے گی، ایم ایم اے جلسہ رنگ روڈ پشاور پر ہوگا۔ عوامی نیشنل پارٹی بھی آج بڈھ بیر میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے سے صوبائی صدر اے این پی امیر حیدر ہوتی خطاب کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن)کل 25 جون سے کراچی سے اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی، مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف 2 روزہ دورے پر کراچی آئیں گے اورجلسے سے خطاب کرکے  انتخابی مہم کاآغاز کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران شہباز شریف مختلف تقاریب میں شرکت بھی کریں گے۔

The post پی ٹی آئی، ایم ایم اے اور اے این پی آج سے انتخابی مہم شروع کریں گی appeared first on ایکسپریس اردو.