33

پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش ہوئی توجواب دیا جائے گا، احسن اقبال

 لندن: وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیا جائے گا۔

لندن میں امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دیں، گزشتہ چند سال میں پاکستان نے 60 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ دیا، دہشت گردوں سے جنگ میں پاکستانی معیشت کو 25 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کی طرف سے معمولی امداد ملی، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کے لئے نہیں بلکہ اپنی عوام کے تحفظ کے لئے لڑی، پاکستان امریکا سے تجارت چاہتا ہے امداد نہیں، ہم امریکا سے ترقیاتی شراکت داری کے خواہاں ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان جغرافیائی لحاظ سے ایک دوسرے سے جڑے ہیں، افغانستان میں امن کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان اور امریکا مل کرکام کریں، پاکستان وہ پہلا ملک ہے جو افغانستان میں عدم استحکام کا شکار ہے اور افغانستان میں ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالا جاتا ہے، افغانستان میں امن کے لئے جامع حکمت عملی کی ضرورت ہے، خطے میں امن کے لئے افغان اور پاکستان حکومت کا باہمی تعاون ضروری ہے جب کہ امریکا کوجنوبی ایشیا اور افغانستان کو مختلف انداز سے دیکھنا ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان طویل المدتی تعلقات ہیں، پاکستان امن کے لئے عالمی برادری کے ساتھ مل کرکام کرنے کوتیار ہے، پاکستان کے اپنے ترقیاتی منصوبے ہیں جن پرکام جاری ہے جب کہ پاکستانی باعزت قوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا سے باہمی احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں لیکن پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش یا کوشش ہوئی توجواب دیاجائے گا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  نوازشریف کو بچانے زرداری نہیں آئیں گے، لطیف کھوسہ

The post پاکستانی مفادات کے خلاف کوئی سازش ہوئی توجواب دیا جائے گا، احسن اقبال appeared first on ایکسپریس اردو.