38

پاکستانی تاجر معاشی معجزے رونما کرسکتے ہیں، اطالوی سفیر

لاہور: پاکستان میں اٹلی کے سفیر اسٹیفانو پونٹ کروو نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کا اہم ترین ملک اور ایک روشن مستقبل کا حامل ہے جب کہ پاکستانی تاجر ’’معاشی معجزے‘‘ رونما کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر اور ایوان لاہور صنعت و تجارت کے سابق ایگزیکٹو ممبر چوہدری خادم حسین سے خصوصی ملاقات میں سفیر نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کو بہترین ابھرتی ہوئی مارکیٹ کے طور پر دیکھتے اور پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر بہت سے معاشی شعبوں میں مشترکہ منصوبہ سازی کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے چودھری خادم حسین پر زور دیا کہ وہ تاجروں کو اٹلی کا دورہ کرنے کی ترغیب دیں تاکہ وہ وہاں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے سکیں۔
چوہدری خادم حسین نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی سیکٹرز کی مطابقت سے اسٹڈی کریں تاکہ باہمی تجارت بڑھانے کے لیے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ماحول بہترین ہے جس سے اٹلی کے تاجروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے، غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے ڈیویڈنڈ اور منافع کی وطن واپس ترسیل پر کوئی پابندی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اٹلی کے تاجر پاکستان کے توانائی ایگروبیسڈ انڈسٹریز تعمیرات مائننگ ٹیکسٹائل اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین وقت ہے کیونکہ یہ تیزی سے تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنتا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں کو ڈیری و لائیواسٹاک کے شعبے میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرنی چاہیے، اس شعبے میں اٹلی کا تجربہ اور مہارت پاکستان کے لیے بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوگی۔
 
The post پاکستانی تاجر معاشی معجزے رونما کرسکتے ہیں، اطالوی سفیر appeared first on ایکسپریس اردو.