28

فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر عمران خان کی شکرگزار ہوں، اداکارہ شبنم

کراچی: تحریک انصاف نے مجرمانہ ریکارڈ ثابت ہونے پر فاروق بندیال کو پارٹی سے نکال دیا اداکارہ شبنم نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا ہے۔

کچھ دنوں قبل فاروق بندیال نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ ہوئی تھیں۔ لوگوں نے فاروق بندیال کے بارے میں بتایا کہ 1970ء کے عشرے میں وہ ماضی کی معروف سپرہٹ اداکارہ جھرنا دیوی عرف شبنم کے گھر ڈکیتی اور ان سے زیادتی کے واقعے میں ملوث تھے۔

لوگوں نے اس جرم کے بارے میں بے شمار کمنٹس پوسٹ کیے یہاں تک کہ فاروق بندیال نامی ہیش ٹیگ اب بھی ٹوئٹر پر مقبول ہے۔

سوشل میڈیا پر عوام نے ایک اداکارہ کا ریپ کرنے والے سزا یافتہ شخص پر اپنے غم وغصے کا اظہار کیا تھا جس کے بعد عمران نے خان پی ٹی آئی کے نعیم الحق کو معاملے کی چھان بین کے احکامات دیئے اور فاروق بندیال کے جرم کی تصدیق کے بعد عمران خان نے انہیں فوری طور پر اپنی پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ ’شبنم ڈکیتی‘ کیس کے نام سے بہت مقبول ہوا تھا۔

اس ضمن میں سوشل میڈیا پر اکتوبر 1979ء کے ایک اخبار کا تراشا بھی زیر گردش ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فوجی عدالت نے شبنم ڈکیتی کیس کے پانچ مجرموں کو سزائے موت سنائی تھی۔ ان مجرموں میں فاروق بندیال، یعقوب بٹ، عابد، تنویر اور جمشید اکبر شامل تھے۔ اس کے علاوہ ایک مجرم کو 10 سال قید اور ساتواں مجرم مفرور قرار دیا گیا تھا۔ ان مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل میں رکھا گیا تھا۔

عمران خان کے اس فوری فیصلے کو اداکارہ شبنم نے سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنی ٹویٹ میں لکھا ہے، ’ میں جنسی زیادتی کے ایک مجرم کو پارٹی سے نکالنے پر عمران خان کے عمل کو سراہتی ہوں ساتھ ہی میں پاکستانی عوام کی بھی مشکور ہوں جو ایک ریپسٹ کے خلاف کھڑے ہوئے، جیتے رہیں۔‘

اس خبرکوبھی پڑھیں:  ڈاکوؤں کی درگت بن گئی

The post فاروق بندیال کو پی ٹی آئی سے نکالنے پر عمران خان کی شکرگزار ہوں، اداکارہ شبنم appeared first on ایکسپریس اردو.