55

شہر کی تعمیر نو کیلیے 10 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

 کراچی:  

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کی تعمیر نو کیلیے10بلین ڈالر کی ضرورت ہے۔

برنس گارڈن میں ورلڈ بینک کے تعاون سے ’’کراچی نیبر ہوڈ پروگرام‘‘ کا سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے 98 ملین ڈالرز کی لاگت سے کراچی نیبرہوڈ پروگرام شروع کیا جارہا ہے جس میں ورلڈ بینک کا حصہ 86 ملین ڈالرز جبکہ صوبائی حکومت کی حصہ داری 12ملین ڈالرز کی ہوگی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 2 سال پہلے میں نے ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے ساتھ اس پروجیکٹ پر کام شروع کیا تھا اس وقت میں صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات تھا، اس منصوبے کو شروع کرنے میں2 سال لگ گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ میں سمجھ رہا تھا کہ سندھ حکومت میں بیوروکریٹ رکاوٹیں ہیں لیکن ورلڈ بینک زیادہ بیوروکریٹ رکاوٹوں کا شکار ہے لیکن میں نے اور ورلڈ بینک نے مل کر کام کیا، یہ پروجیکٹ10 ماہ فنڈز ہونے کے باوجودتاخیر کا شکار ہوا، اس پر میں خوش نہیں ہوں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے لوگ ہم پر اعتبار کرتے ہیں، ہم بہتر اور جلد کام کریں گے تو کراچی کے لوگ ہم پر مزید اعتبار کریں گے۔ میں سول انجنیئر ہوں، اگر میں سب میرین چورنگی انڈر پاس کا پروجیکٹ ڈائریکٹر ہوتا تو اس کو 2ماہ میں مکمل کرلیتا مگر وہاں پر سست روی سے کام ہورہا ہے، میں کام کی رفتار سے خوش نہیں ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پاکستان کو جموں حملے کا حساب دینا ہوگا: بھارتی وزیرِ دفاع

مراد علی شاہ نے کہا کہ میئر کراچی یہاں بیٹھے ہوئے ہیں ،میں نے ملیر سٹی کے روڈ کی فنڈنگ بھی کے ایم سی کو دے دی ہے لیکن وہ ابھی تک مکمل نہیں ہوا،وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کی تعمیر نو کیلیے10بلین ڈالر کی ضرورت ہے، اس شہر کی تعمیرنو ہمیں مل کر کرنی ہے، سندھ حکومت فنڈ دے رہی ہے ورلڈ بینک بھی مدد کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کوشش کی کہ کراچی میں 8 بجے شہر کی مارکیٹیں بند ہوجائیں اور صبح 8 بجے سے مارکیٹیں کھل جائیں اور کام شروع کیا جائے مگر اس پر بڑے احتجاج ہوئے، یہ شہر پوری رات جاگتا ہے، روشنی ہوتی ہے، ہم اس شہر کی توانائی دیکھ کر پوری سلامتی اور اچھے ماحول میں کھلا رکھنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کو مزید بہتر ، سرسبز اور ایک لچکدار میٹروپولیٹن شہر بنانے کے لیے کوشاں ہے جس کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹرٹیجی(کے ٹی ایس) اپنائی جارہی ہے جس کا مقصد فزیکل اور سماجی و معاشی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا اور پانی کی فراہمی اور صفائی، ٹرانسپورٹیشن، اربن اسپیس کی ڈیلیوری سروسز اور اداروں کے استحکام اور ٹرانسفارمیشن کو بہتر بنانا ہے۔

مراد علی شاہ نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے خود کو کراچی ٹرانسفارمیشن اسٹرٹیجی (کے ٹی ایس) میں انگیج کیا ہے جس کے تحت وہ سندھ حکومت کے وڑن کے حوالے سے تعاون کررہے ہیں اورایک جامع کراچی سٹی ڈائیگنوسٹک(کے سی ڈی) پروگرام شروع کیا ہے، کے سی ڈی کے تحت شہر کی معیشت ،رہنے کے حوالے سے ایک جامع ڈیٹا جمع کرنا ہے اور شہری انفرااسٹرکچر، کراچی میٹروپولیٹن ریجن کو درپیش چیلنجز اور مواقعوں کی فراہمی اور میٹروپولیٹن ریجن کے معاشی قوت کو بہتر بنانا ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  جو ہماری حب الوطنی پر شک کرتا ہے ہم اس کی حب الوطنی پر شک کریں گے، فاروق ستار - ایکسپریس اردو

The post شہر کی تعمیر نو کیلیے 10 بلین ڈالر کی ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ appeared first on ایکسپریس اردو.