28

بھارتی فوج نے کشمیری حریت پسندوں کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے ہٹ لسٹ تیار کرلی

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں جذبہ آزادی کو کچلنے کے لیے بھارتی فوج نے 21 سرکردہ حریت پسندوں کو قتل کرنے کی غرض سے ہٹ لسٹ تیار کر لی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض بھارتی فوج نے جدوجہد آزادی کشمیر میں سرگرم حریت پسند افراد کی ہٹ لسٹ تیار کرلی ہے جس میں 21 افراد کا اندراج کیا گیا ہے۔ بھارتی فوج نے ان 21 کشمیریوں کو راہ سے ہٹانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس کے لیے 21 سرکردہ افراد میں سے 6 کو نہایت مطلوب افراد کی کٹیگری ’A++‘ میں رکھا گیا ہے جن کی سر کی قیمت 12 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ ان میں ریاض احمد نیکو، الطاف احمد ڈار، عمر مجید غنی، زینت الاسلام، مشتاق احمد اور ذکی راشد شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان 21 افراد میں 11 حزب المجاہدین، 7 لشکر طیبہ، 2 جیش محمد اور انصار غزوات الہند کا ایک رکن شامل ہے۔ جن میں 6 کو نہایت مطلوب افراد کی فہرست میں رکھا ہے۔ بھارتی فوج کے حکام کا کہنا ہے کہ لسٹ میں شامل ان 21 افراد کو چن چن کر قتل کیا جائے گا جب کے کسی قسم کی انکوائری اور عالمی دباؤ سے بچنے کے لیے ان افراد کی لاشوں کو غائب کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کچلنے میں ناکامی کے بعد اب نئے آپریشن آل آؤٹ 2.0 کی تیاری کر رہی ہے جس کے تحت وادی میں این ایس جی (نیشنل سیکیورٹی گارڈز) کو تعینات کیا جائے گا جو بلیک کیٹس کے نام سے بھی مشہور ہیں۔
The post بھارتی فوج نے کشمیری حریت پسندوں کی ٹارگٹ کلنگ کے لیے ہٹ لسٹ تیار کرلی appeared first on ایکسپریس اردو.