24

اورنگی میں قلت آب سے تنگ مکین سڑکوں پر آگئے

 کراچی:  اورنگی ٹاؤن میں پانی کے ستائے سیکڑوں شہری سراپا احتجاج بن گئے.

کورنگی ساڑھے 11 نمبر اور بنارس چوک کے مکین پانی نہ ملنے پر سڑکوں پر نکل آئے احتجاج میں خواتین بزرگ، بچے بھی پانی کی عدم فراہمی کے خلاف نعرے لگاتے رہے اورنگی ٹاؤن کے علاقے ساڑھے 11 نمبر پر کئی ماہ سے پانی کی فراہمی معطل ہے جس پر علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر ایک بار پھر احتجاج کیا۔

پانی نہ ملنے پر اورنگی ٹاؤن ساڑھے 11 نمبر کے علاقہ مکینوں نے جمعہ کو سڑک پر احتجاج کیا جس میں خواتین بزرگ اور بچے بھی شامل تھے، مظاہرین نے ہاتھوں میں پانی کے برتن اٹھائے واٹر بورڈ کے خلاف شدید نعرے بازی کی.

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ 2 ماہ سے پانی نہیں فراہم کیا جارہا علاقہ مکین شدید اذیت سے دوچار ہیں بچوں کو اسکول بھیجنے اور روزمرہ کے کام شدید متاثر ہورہے ہیں مکینوںکا مزید کہنا تھا کہ لائنوں سے جو پانی آتا ہے وہ آلودہ ہے جس کی وجہ سے مکین پیٹ کے مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ قلت آب کی شکایات واٹر بورڈ کے دفتر جاکر کیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔

بلدیاتی نمائندے بھی پانی کا مسئلہ حل نہ کرسکے، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ہمارا پانی چھین کر ٹینکرز مافیا کو دیا جاتا ہے اور ہمیں پانی خریدنے پر مجبور کیا جارہا ہے، پانی جیسی بنیادی ضرورت سے ہمیں محروم کیا جارہا ہے ہم اتنا مہنگا پانی خریدنے کی سکت نہیں رکھتے، سیاسی رہنما صرف ووٹ لینے آتے ہیں شہریوں کے مسائل سے انھیں سروکار نہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں:  پاناما کیس کے مقدمے کا فیصلہ - BBC Urdu

مظاہرین نے کہا کہ اب اگر کوئی سیاست دان علاقے میں ووٹ مانگنے آیا تو ہم ان کا جھاڑو سے استقبال کریں گے اب ہم سے کوئی ووٹ کی امید نہ رکھے، اگر پانی کی فراہمی جلد بحال نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔

مظاہرین نے احتجاج کے دوران سڑک بند کردی جس سے گاڑیوں میں سوار مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، بنارس چوک پر بھی پانی کی بندش کے خلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے مظاہرین نے گاڑیوں پر پتھراؤ کرکے سڑک بلاک کردی۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بنارس چوک ، پٹھان کالونی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پانی کی فراہمی کئی ماہ سے بند ہے واٹر بورڈ کے کرپٹ افسران اورنگی ٹاؤن میں واٹرٹینکر کے ذریعے پانی مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔

The post اورنگی میں قلت آب سے تنگ مکین سڑکوں پر آگئے appeared first on ایکسپریس اردو.