37

امریکہ: فلوریڈا کے سکول میں فائرنگ، ’متعدد زخمی‘

امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مقامی ہائی سکول میں ایک مسلح شخص موجود ہے جبکہ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق زخمیوں کی تعداد 20 کے قریب ہوسکتی ہے۔ بروارڈ شیرف آفس کا کہنا ہے کہ وہ سٹونمین ڈگلس ہائی سکول میں پیش آنے والے ’واقعے پر کام‘ کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہیں اور خبردار کیا گیا ہے کہ مسلح شخص اب بھی علاقے میں موجود ہے اور لوگوں کو اس علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس واقعے میں 20 کے قریب افراد زخمی ہونے کی اطلاع ہے جبکہ کچھ کو بحاظت نکال لیا گیا ہے۔ فاکس نیوز سے منسلک ایک مقامی چینل کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کی سکول کے باہر مرہم پٹی کی گئی ہے۔ مقامی سکول پبلک سکول ڈسٹرکٹ نے ٹویٹ کیا ہے کہ ’آج، مرجرری سٹونمین ڈگلس ہائی سکول کے قریب طالب علموں اور عملے نے کچھ ایسی آوازیں سنی جو گولیاں چلنے جیسی تھی۔‘ ان کا کہنا تھا کہ ’سکول کو فوری طور پر بند کر دیا گیا ہے اور اب طالب علموں کو نکالا جارہا ہے۔ ہمیں ممکنا طور پر زخمی ہونے والوں کے بارے میں بھی اطلاعات ملی ہیں۔‘ سکول کا کہنا ہے کہ پولیس سکول کی ایک عمارت سے طالب علموں کو نکال رہی ہے۔ جائے وقوعہ کی ایک ویڈیو میں طالب علموں کو چھوٹی چھوٹی ٹولیوں کی صورت میں باہر نکلتے اور مسلح پولیس کو سکول کی حدود میں گشت کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔